بنوٹہ کی دونوں مرکزی سڑکیں بند، درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں، تعمیراتی کام بھی متاثر

ایبٹ آباد ویب ڈیسک یونین کونسل ککمنگ اور پٹن کلاں کو آپس میں ملانے والی اہم رابطہ سڑک ہڑیالہ تا مڈل سکول بنوٹہ گزشتہ تین روز سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے، جس کے باعث عوام کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
سڑک کی بندش کی وجہ سے طلباء، مریض اور ملازمین سخت پریشانی میں مبتلا ہیں، جبکہ دوسری جانب محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے جاری مڈل سکول بنوٹہ کی تعمیراتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
عوامی نمائندوں اور مقامی شہریوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) اور صوبائی وزیر نذیر احمد عباسی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو علاقہ مکین مزید دنوں تک محصور رہ جائیں گے، اور تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج ہو جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق، بنوٹہ جانے والی متبادل سڑک جو لڑی ڈنہ کے راستے جاتی ہے، وہ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر بند ہو چکی ہے، اور متعدد گاڑیاں دیہات میں پھنس گئی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ: اگر روڈ کھولنے میں مزید تاخیر کی گئی تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔