عوامی خدمت میں انصاف گروپ پیش پیش، تاجروں کا اظہارِ اطمینان
قلندر آباد (ویب ڈیسک) – انصاف گروپ قلندر آباد نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ علاقے میں نادرا آفس کے قیام کا وعدہ عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس بات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران قلندر آباد کے سابق انفارمیشن سیکریٹری محمد عظیم اعوان نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے انتخابات میں کامیابی کے بعد انصاف گروپ نے اپنی بساط کے مطابق عوام کو ہر ممکن سہولت ان کی دہلیز پر پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل علاقے میں پانی کی فراہمی کے لیے بورنگ، تین واٹر کولرز کی تنصیب اور مرکزی سڑک پر ڈیوائیڈرز لگانے جیسے منصوبے کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نادرا دفتر کے ساتھ ساتھ نیشنل بینک، ریسکیو اور ایمبولینس سروس کے قیام کے لیے بھی کوششیں جاری رہیں۔ نادرا دفتر کا افتتاح جلد متوقع ہے جبکہ نیشنل بینک کے قیام کے لیے اسٹیٹ بینک سے این او سی جاری ہو چکی ہے۔ باقی سہولیات کے لیے بھی عمل جاری ہے۔
محمد عظیم اعوان نے نادرا آفس کی منظوری میں مرتضیٰ جاوید عباسی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کی جانب سے سیکریٹری ملک سجاد اور انصاف گروپ کے تمام اراکین نے بھی بھرپور محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا کریڈٹ ان 672 تاجروں کو جاتا ہے جنہوں نے انصاف گروپ پر اعتماد کرتے ہوئے خدمت کا موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے وسائل کے مطابق علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے اور آئندہ بھی عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے