
ایبٹ آباد (جیو ہزارہ) شیخ البانڈی کے مکین بدترین پانی کے بحران کا سامنا کر رہے ہیں، علاقہ کربلا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ گھریلو استعمال کے لیے پانی نایاب ہو چکا ہے، جس کے باعث عوام شدید پریشانی اور اذیت میں مبتلا ہیں۔ پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
علاقے کے عوامی نمائندے، کسان کونسلر جواد خان اور مقامی سوشل ورک ٹیم نے بتایا کہ اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ایکسین اور ایس ٹی او احسن حمید کو متعدد بار تحریری و زبانی درخواستیں دی گئیں، لیکن تاحال کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران کی بے حسی اور عدم توجہی کے باعث عوام کو روزانہ کی بنیاد پر پانی کی تلاش میں دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی جیسی لازمی سہولت کی فراہمی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کہ عوام کو ان کا بنیادی حق دینے کے بجائے محض وعدوں اور تسلیوں پر ٹرخایا جا رہا ہے۔ اس صورتِ حال سے مجبور ہو کر مقامی آبادی نے اعلان کیا ہے کہ اگر جمعرات تک ان کے مطالبات نہ مانے گئے اور عملی اقدامات نہ کیے گئے، تو مری روڈ مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔
عوامی نمائندوں نے واضح کیا کہ یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک انتظامیہ مذاکرات کر کے کسی عملی حل پر نہیں پہنچتی۔ انہوں نے کمشنر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور پائیدار حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی آواز نہ سنی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی