
حویلیاں( قادر بخش سے ) فاروق اعظم کی شہادت پر حضرت علی المرتضی سب سے زیادہ رنجیدہ تھے،محرم الحرام کی فضیلت حضرت آدم سے حضرت محمد تک چلی آ رہی ہے،اہلبیت اور صحابہ کرام کے مقام پر امت کو تقسیم نہیں کیا جا سکتا انہوں خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین خطیب مرکزی جامع مسجد اہلحدیث حویلیاں مولانا محمد سلیمان نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یکم محرم خلیفہ راشد حضرت عمرفاروق کی شہادت کا دن ہے جب ایک مجوسی نے نماز کی حالت میں سب سے برگزیدہ ہستی کی جان لی مولانا محمد سلیمان نے کہا کہ دین اسلام میں خلیفہ راشد حضرت عمرفاروق کو بڑی فضیلت حاصل ہے وہ رسول کریم کے بااعتماد صحابہ میں شمار کئے جاتے ہیں 14 سو سال بعد اگر کوئی اصحاب رسول اور اہلبیت کے نام پر امت کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ اپنا ذمہ دار خود ہے مسلمان کے لئے اہلبیت رسول اور اصحاب رسول سب قابل احترام ہستیاں ہیں مولانا محمد سلیمان نے کہا کہ آج انہی ہستیوں کے کردار سے چشم پوشی نے قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے مسلمان ایک دوسرے کے خون کا پیاسا بن چکا ہے جبکہ اسلام اہلبیت اور صحابہ کرام کی تعلیم محبت اور رواداری ہے۔