
حویلیاں ( قادر بخش سے ) حویلیاں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں کی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ حویلیاں پریس کلب کی رپورٹس اور اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق متعدد بچے اور شہری آوارہ کتوں کے حملوں سے زخمی ہو چکے ہیں۔اس سنگین عوامی مسئلے پر ایڈووکیٹ عقیل الرحمٰن جُدون نے عوامی مطالبے پر ایک باضابطہ درخواست عدالت میں دائر کی۔ عدالت نے اس معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور ٹی ایم او حویلیاں کو سات (7) دن کے اندر اندر جواب اور وضاحت داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ “پریس رپورٹس اور اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق متاثرین کی تعداد تشویشناک ہے، متعلقہ ادارے وضاحت کریں کہ اب تک اس مسئلے کے حل کے لیے کیا عملی اقدامات کیے گئے ہیں؟”عوامی حلقوں نے ایڈووکیٹ عقیل الرحمٰن جُدون کے اس اقدام کو قابلِ تحسین، جرات مندانہ اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر قدم قرار دیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ لوگ، خصوصاً بچے، امن و سکون سے اپنی روزمرہ زندگی گزار سکیں۔رپورٹ حویلیاں پریس کلب
