
حویلیاں( قادر بخش سے )اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں سمیرا محسود کی زیر صدارت کھلی کچہری منعقد ہوئی جس میں علاقہ مکینوں، میڈیا نمائندگان اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے بالخصوص ٹریفک کے بگڑتے ہوئے نظام اور شہری مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے زبیر خان،تحصیلدار اصغرخان ڈی ایس پی ٹریفک سجاد خان تنولی اور ٹی او آر اقبال خان شریک ہوئے کھلی کچہری میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے کہا کہ حویلیاں شہر میں ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے جبکہ مؤثر ٹریفک پلان نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ این ایچ اے کی جانب سے ایوب پل کی تعمیر میں مسلسل تاخیر پر عوام نے سخت غصے اور مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ تاخیر کے سبب شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مسائل پیش آ رہے ہیں۔شہریوں کی طرف سے حاجی وحید اختر تنولی،جنرل سیکرٹری پریس کلب خاکسار نثار احمد،اسفندیار خان اور حاجی قادربخش نے ضلعی انتظامیہ کی توجہ لنگرہ پل پر بڑھتے ہوئے ٹریفک بوجھ کی طرف بھی دلائی اور خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے اور متبادل راستوں کے ذریعے ٹریفک دباؤ کم نہ کیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں اسسٹنٹ کمشنر سمیرا محسود نے کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تجاویز قیمتی ہیں اور انتظامیہ شہری مسائل کے حل کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔
