
حویلیاں( قادر بخش سے ) اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں سمیرا مسحود کا تحصیل سپورٹس کمپلیکس حویلیاں کی مجوزہ جگہ کا دورہ انکے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی افتخار خان کے کوآرڈینیٹر خانویز خان اور حسن خان موجود تھے ایم این اے علی اصغر خان اور ایم پی اے افتخار احمد خان جدون کی باقاعدہ منظوری سے تحصیل اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی واضح ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے حویلیاں میں منعقدہ جلسۂ عام کے دوران اعلان کردہ منصوبے کے تحت ہزارہ ڈور میں واقع مجوزہ مقام کا تفصیلی اور جامع دورہ کیا۔اس دورے کا بنیادی مقصد مجوزہ زمین کی دستیابی، جغرافیائی و تکنیکی موزونیت، قانونی حیثیت اور دیگر انتظامی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینا تھا تاکہ اسے تحصیل اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیے باضابطہ طور پر قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔دورے کے دوران رکن صوبائی اسمبلی افتخار احمد خان جدون کے کوآرڈینیٹر خانویز خان جدون، حسن خان، محکمہ مال اور محکمہ جنگلات کے متعلقہ افسران موجود تھے، جنہوں نے باہمی مشاورت سے مقام کے تمام پہلوؤں کا معائنہ کیا اور آئندہ لائحۂ عمل کے لیے ابتدائی سفارشات مرتب کیں۔واضح رہے کہ ہزارہ ڈور مجوزہ مقام حویلیاں شہر کے نہایت قریب ہے، جس کے باعث نوجوانوں، طلبہ اور کھیلوں سے وابستہ افراد کو آسان رسائی حاصل ہوگی۔ تحصیل اسپورٹس کمپلیکس کا قیام نہ صرف نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرے گا بلکہ علاقے میں کھیلوں کے فروغ، سماجی ہم آہنگی اور صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا، جو مجموعی طور پر حویلیاں کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
