
حویلیاں ( خاکسار نثار احمد سے ) نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی اور بہتر مستقبل کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ نصابی علوم کے ساتھ ساتھ عملی ہنر سیکھے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم میڈم فائزہ ناز، جنرل سیکرٹری پریس کلب خاکسار نثار احمد اور چیف سیفٹی انسٹرکٹر سید رمضان شاہ نے سلطانپور میں Wish & Deal کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں طلبہ، والدین اور معززین علاقہ نے شرکت کی مقررین نے کہا کہ بدلتے ہوئے دور میں صرف ڈگریاں روزگار کی ضمانت نہیں بلکہ ٹیکنیکل کورسز اور ہنر مند تعلیم ہی نوجوان نسل کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند افراد کے لئے سہولیات، اسکالرشپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرے تاکہ نوجوان طبقہ بیرون ملک اور اندرون ملک دونوں جگہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے میڈم فائزہ ناز نے کہا کہ آج کے دور میں سیفٹی، مکینیکل، الیکٹریکل، آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات کے کورسز نوجوانوں کو عالمی معیار پر مسابقت کے قابل بناتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم میں بھی اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں جنرل سیکرٹری پریس کلب حویلیاں خاکسار نثار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت اور میڈیا ہمیشہ ایسے مثبت اقدامات کو اجاگر کرتا رہے گا، تاکہ نوجوانوں کے اندر ہنر حاصل کرنے کی جستجو بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا کامیاب نوجوان وہی ہے جو ڈگری کے ساتھ ہنر بھی رکھتا ہو چیف سیفٹی انسٹرکٹر سید رمضان شاہ نے کہا کہ Wish & Deal جیسے ادارے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سیفٹی اور ٹیکنیکل کورسز فراہم کر رہے ہیں، جو خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کورس ان کے لئے عملی زندگی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا آخر میں طلبہ کو کورس کی کامیاب تکمیل پر اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ والدین اور شرکاء نے اس طرح کے پروگرامز کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے ادارہ اور منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔