اسلامی نظام ہی مسائل کا حل ہے، مقررین کا ورکرز کنونشن سے خطاب

قلندرآباد (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی قلندرآباد کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن منعقد ہوا، جس میں عوامی کمیٹیوں کے ذمہ داران سے حلف لیا گیا۔ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی صوبہ ہزارہ عبدالرزاق عباسی، نائب امیر مولانا غلام صابر اعوان، امیر جماعت اسلامی قلندرآباد بنارس خان جدون، قیم صوبہ ہزارہ جاوید اختر، امیر ضلع ایبٹ آباد مولانا عبیدالرحمٰن عباسی، انیس خان جدون اور گلفراز مغل نے خطاب کیا۔
مولانا غلام صابر اعوان نے ربیع الاول کی مناسبت سے رسول اکرم ﷺ کی بعثت کے مقاصد پر درس قرآن دیا۔ مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام چاہتی ہے، اگر اسلامی نظام قائم ہو تو انصاف ہر جگہ دستیاب ہوگا، تعلیم و علاج مفت ملے گا اور ہر کام میرٹ پر ہوگا۔
امیر ضلع ایبٹ آباد مولانا عبیدالرحمٰن عباسی نے کہا کہ عشق رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ اقامت دین کی جدوجہد کی جائے، جماعت اسلامی 84 سال سے یہ پیغام دیتی آ رہی ہے کہ مسائل کا حل دین کے غلبے میں ہے۔ بنارس خان جدون نے علاقے میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور سڑکوں کی مرمت کے مسائل اجاگر کیے۔
قیم صوبہ ہزارہ جاوید اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی پر کسی کرپشن کا داغ نہیں، یہ واحد جماعت ہے جو عوام کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سمجھنا ہوگا کہ ان کے مسائل کا حل موجودہ حکومتی پارٹیوں کے پاس نہیں بلکہ صرف نظام مصطفیٰ میں ہے۔