
ترنوائی ون کے چیئرمین وی سی سردار میر باز خان گجر کی کاوشوں سے پاک عرب مائنگ کمپنی کی جانب سے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ چیئرمین میر باز خان نے کمپنی سے مطالبہ کیا تھا کہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کالو بانڈی کی تزئین و آرائش کی جائے، جس پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے سکول کی مرمت کے ساتھ ساتھ فرنیچر بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سردار میر باز خان گجر نے سابق ناظم ناہید اعوان کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول ترنوائی کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک عرب مائنگ کمپنی پہلے بھی علاقے کے مختلف سکولوں میں فرنیچر، یونیفارم اور پینے کے پانی کی سہولیات فراہم کر چکی ہے اور اب ایک بار پھر تعلیم کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
سردار میر باز خان گجر نے پاک عرب کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کالو بانڈی کو جلد ہائی سکول کا درجہ دیا جائے، جہاں اس وقت 135 بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکل ترنوائی میں بچیوں کے لیے کوئی ہائی سکول نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ والدین مجبوراً اپنی بچیوں کو ایک گھنٹے سے زائد سفر کے بعد بانڈی ڈھونڈاں یا دیگر علاقوں کے سکولوں میں بھیجتے ہیں، تاہم غریب گھرانوں کے لیے سفری اخراجات برداشت کرنا مشکل ہے۔