
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر نے وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس بریفنگ میں خبردار کیا ہے کہ ملک میں آئندہ 25 سے 45 دن تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے سیلابی خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک اس وقت مون سون 2025 کے آٹھویں اور دوسرے آخری مرحلے میں داخل ہے۔ 29 اگست سے 9 ستمبر کے دوران ایک نیا بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے، جس سے سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔
انعام حیدر کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ستلج کے ذریعے سیلابی ریلے پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں۔ ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ سات لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جبکہ شاہدرہ میں 78 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔ قادر آباد، خانکی اور بلوکی کے درمیان پانی کا دباؤ اگلے 24 گھنٹے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ستلج کے اطراف سے اب تک پاک فوج نے دو لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، جبکہ ملک کی تمام ملٹری فارمیشنز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف آج سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔