
ایبٹ آباد (جیو ہزارہ ویب )سانحہ سوات کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایبٹ آباد کے معروف تفریحی مقام ہرنو میں کل سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات شمیم اللہ کی نگرانی میں ہرنو واٹر وے اور عزیز آباد کے علاقوں میں تجاوزات کی نشان دہی اور حدود کا تعین مکمل ہو چکا ہے۔ اس عمل میں محکمہ آبپاشی، ایریگیشن کے سب انجینئرز، جی ڈی اے، ریونیو، گرداور سرکل اور پٹواری نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
معائنہ کے دوران متعلقہ اداروں نے زمین کی پیمائش اور غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی، جنہیں کل صبح بلڈوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شمیم اللہ کے مطابق یہ قدم قدرتی نالوں اور آبی گزرگاہوں کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی خطرے سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام محکمے مکمل رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ کارروائی میں شامل ہوں گے، اور کسی دباؤ یا مزاحمت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
شہریوں اور ماحولیاتی ماہرین نے اس فیصلے کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس آپریشن سے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی بحال ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے گا