ماڈرن ایج پاکستان میں 4 روزہ ان سروس سمر ریفریشر کورس کا آغاز، پہلے دن کی تقریبات کامیابی سے مکمل

ایبٹ آباد ( قادر بخش سے )ماڈرن ایج پاکستان کے زیر اہتمام "4 روزہ ان سروس سمر ریفریشر کورس” کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ پہلے دن کی سرگرمیوں کا محور "سکول کلچر کی تعمیر میں درپیش چیلنجز اور توقعات: ایک پرنسپل کے نقطۂ نظر سے” کے عنوان سے پینل ڈسکشن تھی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔پینل ڈسکشن میں تعلیمی میدان سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں محترمہ عائشہ اویس پروجیکٹ ڈائریکٹر میپل رج سکول ایبٹ آباد جناب فیاض احمد پرنسپل جناح بیسک سکول اینڈ کالج مانسہرہ اور بریگیڈیئر (ر) نور سلطان لالی منیجنگ ڈائریکٹر کیڈٹ کالج جہلم شامل تھے۔اس فکری نشست کی میزبانی اور نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر جمیل انور کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد نے انجام دیے۔پروگرام کے دوسرے اہم حصے میں محترمہ شگفتہ عامر لیکچرر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن منڈیاں ایبٹ آباد نے "اساتذہ کا مثبت تعلیمی ماحول کی تشکیل میں کردار” کے موضوع پر عملی مثالوں، تجربات اور تعلیمی تحقیق کی روشنی میں اساتذہ کی ذمہ داریوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ماڈرن ایج پاکستان کے اس تربیتی کورس کو تدریسی عملے کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے اور مثبت ادارہ جاتی ثقافت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہا،معاون پرنسپل سمیرا واحد نےمہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور تحائف پیش کیے۔