
تحریک صوبہ ہزارہ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے: سردار اسد جاویدحویلیاں ( قادر بخش سے ) تحریک صوبہ ہزارہ کے رہنماء چیئرمین سردار اسد جاوید نے کہا ہے کہ ہزارہ کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کے لیے الگ صوبے کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حویلیاں پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ کے بانی قائد، سردار بابا حیدر زمان مرحوم، نے جس جدوجہد کی بنیاد رکھی تھی، اُسے آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہزارہ کی پسماندگی کا خاتمہ اور عوامی مسائل کا مستقل حل صرف علیحدہ صوبے کے قیام سے ہی ممکن ہے۔اس موقع پر حویلیاں پریس کلب کے صدر حماد خان، سرپرست اعلیٰ عبدالحمید تنولی، خاکسار نثار، جنرل سیکریٹری حاجی قادربخش اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ سردار اسد جاوید نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حویلیاں پریس کلب مثبت صحافتی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے علاقے کے مسائل اجاگر کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔