
ایبٹ آباد(ویب ڈیسک )شیروان روڈ پر واقع بانڈہ املوک سے تھنہ اور دیری کو ملانے والی سڑک شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بننے سے ٹرانسپورٹ گاڑیاں بھی مسافروں کو بٹھانے سے گریزاں ہیں، جبکہ عوام کو روزانہ کی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق سڑک کی بگڑتی ہوئی حالت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مریضوں کو اسپتال تک پہنچانے میں بھی شدید رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔
تحریکِ صوبہ ہزارہ کے رہنما اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت سردار گل زیب نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام اور عوامی نمائندے فوری طور پر اس سڑک کی تعمیر نو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیری اور تھنہ کے عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ سڑک کی خستہ حالی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
مقامی تاجروں نے بھی سڑک کی تباہ حالی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس صورتحال سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر سڑک کی تعمیر کرے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں