
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) — ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی دلدار ستی کی صاحبزادی مدیحہ دلدار نے 41ویں سالانہ قومی نعت خوانی مقابلے میں تاریخ رقم کر دی۔
مدیحہ دلدار نے 15 سال سے کم عمر بچیوں کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین، اساتذہ اور ادارے کا نام روشن کیا بلکہ ملک بھر میں ہزارہ کی پہچان کو مزید اجاگر کیا۔
یہ مقابلہ ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی اور وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے اشتراک سے نیشنل کونسل آف دی آرٹس، اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے باصلاحیت نعت خواں شریک ہوئے۔
خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے مدیحہ دلدار نے اپنی دلنشین آواز، منفرد انداز اور شاندار تلفظ سے ججز اور سامعین کے دل جیت لیے۔
مدیحہ دلدار اس وقت گورنمنٹ گرلز کمپری ہنسو ہائیر سیکنڈری اسکول ایبٹ آباد کی طالبہ اور ہزارہ اباسین آرٹس کونسل کی نعت خواں ہیں۔
اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب اپنے والد، والدہ، اساتذہ اور دعاؤں کی بدولت ممکن ہوا۔