
انسپکٹر جنرل آف خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے شہریوں کی سہولت اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایبٹ آباد میں سہولت مرکز، ٹریفک پولیس لائسنس برانچ جبکہ پولیس افسران و جوانوں کی جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لیے پولیس جیم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی، ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان اور ایس ایس پی ٹریفک وارڈن قمر حیات خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پولیس کے سینئر افسران، اہلکاروں نے شرکت کی۔ آئی جی پی خیبرپختونخوا نے کہا کہ سہولت مراکز کا قیام پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور شہریوں کو ایک ہی چھت تلے معیاری خدمات فراہم کرنے کے ویژن کا حصہ ہے۔ سہولت مرکز اور جدید ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید، لرنر لائسنس، ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی، پولیس کلیئرنس، کیریکٹر سرٹیفیکیٹ ، جنرل پولیس تصدیق، کمپلینٹس کے اندراج اور رہنمائی جیسی سہولیات جدید نظام کے تحت فراہم کی جائیں گی، جس سے وقت کی بچت اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔جبکہ ٹریفک پولیس لائسنس برانچ میں جدید آلات کے ذریعے ٹیسٹنگ، بائیومیٹرک تصدیق اور فوری پراسیسنگ کی سہولت میسر ہوگی، تاکہ شہریوں کو طویل انتظار اور غیر ضروری مراحل سے بچایا جا سکے۔پولیس جوانوں کے لیے قائم کیے گئے جدید جیم کے حوالے سے آئی جی پی خیبرپختونخوا نے کہا کہ جسمانی فٹنس ایک موثر، چست اور مستعد پولیس فورس کی بنیاد ہے۔ جیم میں جدید مشینری فراہم کی گئی ہے تاکہ پولیس اہلکار اپنی صحت، طاقت اور برداشت کو بہتر بنا سکیں، جو کہ فرائض کی انجام دہی میں نہایت اہم ہے۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی پی خیبرپختونخواذوالفقار حمید نے ڈی آئی جی ہزارہ، ڈی پی او ایبٹ آباد اور ٹریفک پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام دوست اقدامات اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے منصوبے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
