
(ویب ڈیسک)ایبٹ آباد پولیس اور ایبٹ آباد سائیکاٹریک سینٹر کے مابین ذہنی صحت اور منشیات سے بحالی کے حوالے سے ایک اہم مفاہمتی معاہدہ (MoU) طے پایا ہے، جس کا مقصد پولیس اہلکاروں، شہداء کے لواحقین، اور دورانِ سروس معذور ہونے والے افسران کو عالمی معیار کی نفسیاتی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس معاہدے کے تحت شہداء کے خاندانوں اور معذور اہلکاروں کو تمام نفسیاتی اور بحالی کی خدمات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ریفر کیے گئے دیگر افراد کو علاج و مشاورت میں 50 فیصد خصوصی رعایت دی جائے گی۔

ڈاکٹر آفتاب عالم نے معاہدے کے موقع پر ڈی پی او عمر طفیل کو نشے کی لت میں مبتلا افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد سے آگاہ کیا اور اس خطرے سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے اس اشتراک کو محکمہ پولیس کی ذہنی اور جذباتی بہتری کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق:

یہ معاہدہ نہ صرف ہمارے فرض شناس اہلکاروں اور ان کے پیچھے کھڑے خاندانوں کی مدد کرے گا، بلکہ مجموعی طور پر پولیس کے ماحول اور کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری لائے گا۔”
ڈاکٹر آفتاب عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں پولیس کے شانہ بشانہ کام کیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق آئندہ ایبٹ آباد پولیس اور سائیکاٹریک سینٹر مشترکہ طور پر تعلیمی اداروں اور پولیس یونٹس میں آگاہی مہمات، تربیتی سیشنز اور سیمینارز کا انعقاد کریں گے، تاکہ معاشرے میں ذہنی صحت کے بارے میں مثبت رویہ فروغ پائے اور نفسیاتی مسائل کو بروقت پہچانا جا سکے