
ایبٹ آباد (ویب ڈیسک)ضلعی پولیس سربراہ ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل PSP کی خصوصی ہدایات پر ایس پی کینٹ ڈویژن راجہ محبوب کی زیر نگرانی تھانہ سکندر آباد کی حدود میں واقع ویژن پبلک سکول میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری میں ڈی ایس پی کینٹ، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او سکندر آباد سمیت مرد و خواتین شہریوں، بزرگوں، معززین علاقہ، طلباء اور تاجران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خواتین کی خصوصی شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ پولیس عوامی مسائل کے حل میں سب کو برابر کا شریک بنا رہی ہے۔

شرکاء نے پولیس کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال، منشیات کے خاتمے، ٹریفک مسائل اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اقدامات سمیت دیگر عوامی نوعیت کے معاملات پر اپنے مؤقف پیش کیے۔

ایس پی کینٹ راجہ محبوب اور پولیس افسران نے شہریوں کے مسائل بغور سنے اور موقع پر متعدد شکایات کے حل کے احکامات جاری کیے جبکہ دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی متعلقہ اداروں کے ذریعے فوری طور پر کرائی گئی۔
کھلی کچہری کے دوران پولیس اور عوام کے مابین قریبی تعلقات استوار کرنے، اعتماد سازی بڑھانے اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ پر زور دیا گیا۔ شہریوں نے اس اقدام پر ڈی پی او ایبٹ آباد اور ایبٹ آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا اور عوام دوست پالیسیوں کو سراہا۔

ایس پی کینٹ راجہ محبوب نے اس موقع پر کہا:
“ایبٹ آباد پولیس عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے مسائل سننا اور حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریاں اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں تاکہ عوام براہِ راست پولیس حکام تک رسائی حاصل کر سکیں۔”