
ایبٹ آباد (ویب ڈیسک) ٹی ایم اے پلازہ میں گاڑیوں کی پارکنگ شہریوں کے لیے مزید مہنگی بنا دی گئی ہے۔ سٹی میئر سردار شجاع نبی کی منظوری کے بعد پارکنگ فیس میں دو گنا سے زیادہ اضافہ کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں کی جانب سے سخت ناراضی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
نئے ٹھیکے کی شرائط کے مطابق 6 گھنٹوں کی پارکنگ پر 100 روپے 12 گھنٹوں کی پارکنگ پر 200 روپے (جبکہ ماضی میں یہی چارجز صرف 50 روپے تھے)
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے سے ہی بڑھتی مہنگائی نے جینا دوبھر کر دیا ہے، اور اب پارکنگ جیسے روزمرہ کے مسئلے کو بھی کمائی کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔ شہری حلقے یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا عوامی نمائندے واقعی عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں یا صرف مالی دباؤ میں اضافہ کر رہے ہیں؟
شہریوں کا مؤقف ہے . جب سہولت موجود ہی نہیں، تو فیس لینے کا جواز کیا ہے؟ پہلے پارکنگ کا نظام بہتر بنایا جائے، پھر پیسے لیے جائیں۔
عوام نے اس اضافے کو ظالمانہ اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے، اور خبردار کیا ہے کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔