
ایبٹ آباد (پولیس پریس رلیز)کے علاقے بانڈہ خٹک سلہڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ کی عمر تقریباً 20 سال تھی اور اسے اس کے شوہر حمزہ نے گھریلو تنازعے کے دوران فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات چل رہے تھے، اور مقتولہ گزشتہ چند دنوں سے اپنے والدین کے گھر میں مقیم تھی۔ واپسی کے ایک دن بعد ہی یہ اندوہناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جا سکے۔