
لندن (رپورٹ: واجدربانی)
آج بروز جمعہ 6 جون 2025 کو انگلینڈ سمیت خلیجی و یورپی ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی گئی۔ مسلم کمیونٹی نے نمازِ عید کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کی اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیا۔
برطانیہ کے بڑے شہروں جیسے لندن، برمنگھم، مانچسٹر، لیسٹر اور بریڈفورڈ میں نمازِ عید کے وسیع اجتماعات منعقد کیے گئے، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی۔ مساجد، کمیونٹی سینٹرز اور کھلے میدانوں میں روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔

عید کے موقع پر پاکستانی، بنگلہ دیشی، عرب اور افریقی نژاد کمیونٹیز نے روایتی کھانے، لباس اور میل جول کے ذریعے عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔ بچوں کے لیے خصوصی تقریبات، جھولے اور تفریحی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، عراق، فلسطین، ترکی، امریکہ اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی آج عید منائی گئی، جبکہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں عید کل یعنی 7 جون بروز ہفتہ منائی جائے گی۔

اس موقع پر علمائے کرام نے خطبات میں قربانی کے فلسفے، ایثار، بھائی چارے اور ضرورت مندوں کی مدد پر زور دیا۔ نمازِ عید کے بعد مسلمان جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہیں، اور گوشت مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
برطانیہ میں مقامی حکومتوں نے عید کے اجتماعات کو سہولت دینے کے لیے ٹریفک و سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے تھے۔ پولیس اور والنٹیئرز نے انتظامات میں بھرپور کردار ادا کیا۔
