
قلندرآباد (ویب ڈیسک ) انجمن تاجران قلندرآباد انصاف گروپ نے ایمبولینس سروس اور تحصیل قلندرآباد کے قیام کا مطالبہ کر دیا ۔ اس حوالے سے جمعہ کے روز انصاف گروپ کے وفد نے جماعت اسلامی قلندر آباد زون کے امیر بنارس خان جدون سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ قلندرآباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس فراہم کریں ۔ نیز جس طرح امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے صوبہ ہزارہ کے لیئے کابینہ تشکیل دی ہے اسی طرح جماعت اسلامی تحصیل قلندرآباد کے مطالبے پر عمل درآمد کے لیئے بھی اپنا کردار ادا کرے ۔ اس موقع پر انصاف گروپ کے سیکرٹری جنرل حاجی عبد القدوس خان نے کہا کہ ہم نے اپنی مقدور بھر کوششوں سے عوام علاقہ کو سہولیات کی فراہمی کی کوششیں کیں ۔ ہم نے بازار میں پانی کی دو عدد بورنگ ، چار واٹر کولرز نصب کروائے جب کہ روڈ پر ڈیوائیڈر لگوانے اور نالے پختہ کروانے کے علاوہ نادرا دفتر کے قیام کے لیئے بھرپور جدو جہد کی جس میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیاب کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی قلندرآباد بنارس خان جدون نے تاجر وفد کو اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ بہت جلد ان شاءاللہ قلندرآباد میں الخدمت کی ایمبولینس سروس فراہم کر دی جائے گی نیز جماعت اسلامی قلندرآباد تحصیل کے قیام کے مطالبے کی بھی حمایت کرتی ہے
