قلندرآباد (سٹاف رپورٹر ) گوجری میں قتل ہونے والے نوجوان عمران خان ولد اکرم خان کو اتوار کے روز گیارہ بجے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ۔ علاقہ کی فضا سوگوار ۔ مقتول کے بھائی نوید خان کی مدعیت میں تھانہ مانگل میں زیر دفعہ 302 ایف آئی آر درج کر لی جس میں امتیاز ، آصف اور زاہد پسران خالقداد سکنہ گوجری پر قتل کی دعویداری کی گئی ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق عید کے روز مقتول عمران اپنی چھوٹی بچی کے ہمراہ گوجری میں اپنے گھر کے قریب موجود دوکان سے ٹافیاں خرید کر دینے گیا ۔ اس اثنا میں گلی میں بچوں نے پٹاخے پھٹائے ۔ مقتول نے بچوں کو منع کیا تو وہ بھاگ گئے ۔ مگر زاہد ولد خالقداد نے عمران خان سے توں تکرار شروع کر دی ۔ جسے رفع دفع کر کے عمران بچی کو لے کر گھر آ گیا ۔ کچھ دیر بعد زاہد اپنے دو بھائیوں امتیاز اور آصف کے ہمراہ اسلحہ لے کر آیا اور عمران کو باہر بلایا ۔ باہر جاتے ہی گالم گلوچ کرتے ہوئے فائرنگ کر دی جس سے عمران خان کی چھاتی میں گولیاں لگیں اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جب کہ نوید خان بھی زخمی ہوا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ۔ مزید تفصیلات پولیس کی تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی تا حال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ۔
