
ضلع مہمند (بابر اعوان سے)ضلع مہمند کے علاقے چینگئی بانڈہ، پینڈیالئی میں باجوڑ کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والا خیبر پختونخوا حکومت کا MI-17 ہیلی کاپٹر افسوسناک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد شہید ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جب ہیلی کاپٹر کا فضائی رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند اکرام اللہ خان PSP اور ڈپٹی کمشنر مہمند یاسر حسن کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور کوئیک رسپانس فورس (QRF) نے فوری سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

ریسکیو کارروائی میں پولیس، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ڈی ایس بی کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی افراد نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ شہداء کی میتیں ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل کر دی گئیں
