
حویلیاں ( قادر بخش سے ) میڈیا اور پولیس کے مل کر معاشرے میں پائے جانے والے جرائم کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے تھانہ حویلیاں کے نئے ایس ایچ او کیڈٹ غفور قریشی نے کہا ہے کہ پولیس، میڈیا اور عوامی نمائندوں کے باہمی تعاون کے بغیر پرامن معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتاحویلیاں پریس کلب میں تعارفی میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھانہ حویلیاں کے دروازے ہر مظلوم کے لیے کھلے ہیں، انصاف کی فراہمی ہماری پہلی ترجیح ہے، جبکہ تھانے کی سطح پر عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہےانہوں نے کہا کہ شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق پولیسنگ ہمارا مشن ہے۔ عوام بلا خوف و جھجھک اپنی شکایات اور مسائل براہ راست پولیس تک پہنچائیں، ہر شکایت کا قانونی تقاضوں کے مطابق ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی بااثر یا طاقتور کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کر کے امن و امان کی صورتحال کو مزید مضبوط بنایا جائے گاایس ایچ او کیڈٹ غفور قریشی نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ مثبت صحافت معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ میڈیا جرائم کی نشاندہی کرے، پولیس ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے بچانے کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا جبکہ علاقے کے معتبرین اور نمائندوں کے ساتھ رابطہ بھی مزید مضبوط کیا جائے گا۔آخر میں انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے حویلیاں کو امن، انصاف اور قانون پسندی کی مثال بنا کر دکھائیں گے۔
