
ایبٹ آباد (جیو ہزارہ ویب) کالج روڈ منڈیاں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دکانوں کی چیکنگ اور جرمانوں کے خلاف دکانداروں نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے دوران شرکاء نے اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کارروائیوں کو غیر منصفانہ قرار دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ چیکنگ کے نام پر بعض اہلکار دکانداروں کو بلاوجہ ہراساں کرتے ہیں اور جرمانوں کا طریقہ کار شفاف نہیں ہے۔ دکانداروں نے مطالبہ کیا کہ کارروائیوں کا دائرہ صرف چند مخصوص دکانوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ تمام دکانداروں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے۔
دوسری جانب شہریوں نے دکانداروں کے احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں کی جانب سے اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ، قیمتوں میں خودساختہ اضافہ، ناپ تول میں کمی اور صفائی کے ناقص انتظامات عام ہیں، جن پر قابو پانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ جو بھی دکاندار قوانین کی خلاف ورزی کرے، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے