
ایبٹ آباد ( ڈیسک نیوز )ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد قمر حیات خان کی ہدایت پر ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے شہر بھر کے تمام ٹریفک سرکلز میں مؤثر ناکہ بندیاں قائم کیں۔ ان ناکہ بندیوں کا مقصد ٹریفک قوانین کی عملداری کو یقینی بنانا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ تھا۔کارروائی کے دوران کالے شیشوں والی گاڑیوں، کمسن اور بغیر لائسنس موٹر سائیکل سواروں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں، نیز بغیر نمبر پلیٹ اور ’’اپلائیڈ فار‘‘ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ متعدد خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کیے گئے جبکہ بعض گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تحویل میں لی گئیں۔اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور اپنی و دوسروں کی جانوں کو محفوظ بنائیں۔ ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کی جانب سے ایسے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
