
ایبٹ آباد (ویب ڈیسک )کینٹ پولیس اور نادرا حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ بنانے کی کوشش کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق امتیاز نامی شخص، تسلیم بی بی زوجہ صدیق اور جواد ولد صدیق نے ایک افغان شہری سجاد احمد کو اپنا بیٹا ظاہر کرتے ہوئے نادرا آفس ایبٹ آباد میں رجسٹریشن کروانے کی کوشش کی۔ پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان سمیت افغان باشندے کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ علت نمبر 827 مورخہ 20 اگست 2025 کو تھانہ کینٹ میں دفعہ 419، 468 تعزیرات پاکستان اور فارن ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔