اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازعے کو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
منگل کو یورپی پارلیمان میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان تصادم کی شدت بڑھ رہی ہے، جس سے عالمی سطح پر کشیدگی پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ تنازعہ مشرق وسطیٰ کی سرحدوں سے آگے تک پھیل سکتا ہے، جس کے نتائج پوری دنیا کو متاثر کر سکتے ہیں۔
بادشاہ عبداللہ نے زور دے کر کہا، ’’ہم نہیں جانتے کہ یہ جنگ کہاں جا کر رکے گی، لیکن یہ ایک ایسا بحران ہے جو عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ اسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔‘‘ ان کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اب صرف دونوں ممالک تک محدود نہیں رہی، بلکہ اس نے بین الاقوامی تعلقات اور سفارتی ماحول کو بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔
